پشین ،لیویز فورس کی بروقت کارروائی، اغوا شدہ نوجوان بازیاب ،اغواکار گرفتار

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر پشین قاضی منصور احمد کی خصوصی ہدایت اور اسسٹنٹ کمشنر کاریزات امیر حمزہ بلو کی معاونت سے لیویز فورس نے ایک کامیاب آپریشن کے ذریعے اغوا شدہ نوجوان کو بازیاب کرا لیا اور اغواکار کو گرفتار کر لیا۔انچارج لیویز چیک پوسٹ غڑکئی زیارت کراس سید حکیم آغا کی نگرانی میں مسافر بس کی اسنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں نوجوان فہد علی (عمر 17 سال) کو بازیاب کرایا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مورخہ 13-10-2025 کو تھانہ کاہنہ لاہور میں ایک اطلاعی رپورٹ درج کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ فہد علی، جو چیتو والی حویلی سے کاہنہ بازار گیا تھا، واپس نہیں لوٹا۔ متاثرہ والدین نے بتایا کہ متعدد تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا اور انہیں یقین ہوا کہ ان کے بیٹے کو نامعلوم افراد نے اغواء کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشین کی ہدایت اور اسسٹنٹ کمشنر کاریزات کی نگرانی میں لیویز فورس کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے نوجوان کو محفوظ طریقے سے بازیاب کروایا اور اغواکار کو قانون کے کٹہرے میں لایا، جس پر علاقے میں عوام نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔