دکاندار شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیا کی فراہمی کو یقینی بنائیں ،ڈپٹی کمشنر دکی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں تجارتی مراکز میں پرائس کنٹرول، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے نفاذ اور بازار کی صفائی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تحصیلدار دکی سردار عبدالرازق دمڑ، ڈی ایس پی محمد آصف خجک، انجمن تاجران کے صدور، ہوٹل ایسوسی ایشن، تندور ایسوسی ایشن اور ڈیری فارم کے نمائندے شریک ہوئے۔

بازاروں میں اشیاء خوردونوش کے نرخوں، نرخ نامے کی نمائش، ڈیجیٹل پیمنٹ کے فروغ اور صفائی ستھرائی کے معیار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام دکاندار مقررہ نرخوں پر اشیا کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ شہریوں کو شفاف اور بروقت معلومات حاصل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجر برادری کو ڈیجیٹل پیمنٹ کے فوائد اور اس کے استعمال کو بڑھانے کی تاکید کی تاکہ مالی لین دین میں شفافیت آئے اور نقدی کے استعمال میں کمی ہو۔

اجلاس میں بازار کی صفائی، کوڑا کرکٹ کے بروقت انتظام اور صحت و صفائی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی نگرانی کی جائے اور کسی بھی کمی بیشی کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاء سے کہا کہ وہ اجتماعی طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع کے بازار شہریوں کے لیے صاف، منظم اور منصفانہ نرخوں پر اشیاء فراہم کرنے والے ہوں۔

متعلقہ عنوان :