ہنر مندا فرادی قوت کی تیاری کےلئے صنعتوں اور تربیت فراہم کرنےوالے اداروں میں تعاون ناگزیر ہے،فاروق یوسف

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) صنعتوں اورکاروباری اداروں کی ضروریات کے مطابق ہنر مندا فرادی قوت کی تیاری کیلئے صنعتوں اور تربیت فراہم کرنے والے اداروں میں با مقصد اور نتیجہ خیز روابط اور تعاون ناگزیر ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک) کے ڈائریکٹر جنرل محمد غضنفر علی راؤ کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کرنے والے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کا منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اس لئے ہمیں برآمدات بڑھانے کیلئے اپنی مصنوعات کے معیار کو زمینی حقائق کے مطابق بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پیداواری لاگت کو بھی کم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے خام مال کے علاوہ ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے والے اداروں کی کوششوں کے باوجود صنعتوں کو اُن کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت نہیں مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوٹک کو اپنی حکمت عملی سپلائی کی بجائے طلب کی بنیاد پر از سر نو ترتیب دینا ہوگی اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر اُن کو صنعتوں کی حقیقی ضروریات کے بارے میں مصدق معلومات فراہم کر سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹک کو ہنر مند افرادی قوت کی قابلیت کے بارے میں سرٹیفکیشن کے عمل کو بھی تیز کرنا ہوگا تاکہ نہ صرف یہ ورکر اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق مناسب معاوضہ پر ملازمت حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے اور دوسرے ممالک کے ہنر مند ورکروں کی پیداوار میں ایک تہائی کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل دور کے بعد کمپیوٹر آگئے جن کو صرف کمانڈ کی ضرورت ہوتی تھی لیکن مصنوعی ذہانت نے کمانڈ دینے کیلئے ورکروں کی تعیناتی کے عمل کو بھی ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے نیوٹک کے ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ اپنے چیئرمین کو فیصل آباد چیمبر لے کر آئیں تاکہ اُن سے پالیسی سازی سے متعلقہ معاملات پر حتمی بات چیت کی جا سکے۔

انہوں نے نیوٹک اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں مستقل رابطوں کیلئے نائب صدر انجینئر عاصم منیر کو فوکل پرسن نامزد کیا۔ نیوٹک کے ڈائریکٹر جنرل محمد غضنفر علی راؤ نے نیوٹک کا مختصر تعارف پیش کیا اور بتایا کہ وہ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے براہ راست صنعتوں کے اشتراک کے علاوہ نجی تربیتی اداروں کی بھی خدمات حاصل کر رہا ہے جبکہ ان کی سرٹیفکیشن کے عمل کو بھی صنعتکاروں اور چیمبر کی تجاویز کی روشنی میں بہتر بنایا جائے گا۔

اس موقع پر سینئر نائب صدرچیمبر نوید اکر م شیخ، نائب صدر انجینئر عاصم منیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیوٹک عامر کمال بھی موجود تھے جبکہ آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ نے محمد غضنفر علی راؤ اور اُن کے وفد کے دیگر ارکان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔