پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 14:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کی گئی کمی بین الاقوامی معیار اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے مطابق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر صارفین کو مکمل ریلیف فراہم نہیں کیا۔ قیمتوں کے تعین کا موجودہ طریقہ کار غیر شفاف اور عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ازسرِ نو تعین کیا جائے اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ وہ قیمتوں کا تعین بین الاقوامی معیار، لاگت اور ٹیکسوں کے شفاف نظام کے مطابق کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔