ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا نظام سب کیلئے برابر اور یکساں ہے، ڈی ایس پی ٹریفک

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 19:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) ڈی ایس پی ٹریفک سرگودھا محمد سعید گورسی نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے ڈرائیونگ ٹیسٹ لازمی اور ضروری ہے ،اس کے بغیر لائسنس کا حصول ناممکن ہے۔ اگر کوئی بھی شہری ڈرائیونگ کا ماہر ہے اور اس کو ٹریفک سائن ازبر ہیں تو اس کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے کسی بھی سفارش کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ کے تما م مراحل کیمروں کی ریکارڈنگ میں مکمل کر وائے جاتے ہیں جس میں سو فیصد شفافیت ہوتی ہے اور کسی امیدوار کو بغیر ان مراحل سے گزارے لائسنس نہیں ایشو کیا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا نظام سب کیلئے برابر اور یکساں ہے جس کے تحت سائن ٹیسٹ میں صرف امیدوار ٹیسٹ روم میں جاتا ہے جہاں وہ خود ٹچ سکرین کے ذریعے ٹیسٹ دیتا ہے جس کی کئی سطح پرلائیو ریکارڈنگ اور مانیٹرنگ ہو رہی ہوتی ہے۔

ڈی ایس پی ٹریفک محمد سعید گورسی نے بتایا کہ سائن ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد عملی ڈرائیونگ کا ٹیسٹ بھی ان کیمرہ ہوتا ہے جس کیلئے ٹریک اور معیار سب کیلئے یکساں اور ایس او پی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنی گاڑی کو چلانے کی صلاحیت اور قابلیت کے علاوہ ٹریفک اشاروں کا شعور رکھتے ہیں تو کوئی آپ کو فیل نہیں کر سکتا اور یہی تمام نظام کی شفافیت ہے۔

ڈی ایس پی ٹریفک محمد سعید گورسی نے مزید کہا کہ سڑکوں پر حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے تربیت یافتہ اور ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کا ہونا بہت اہمیت کا حامل ہے ،اس سے ناصرف آپ کی جان کا تحفظ ہوتا ہے بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی بچایا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور اسکی باقاعدہ سخت سزا بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :