گندم کی بمپر کراپ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ڈائریکٹر زراعت

منگل 11 نومبر 2025 12:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہا کہ حکومت کا عزم ہے امسال گندم در آمد نہیں بر آمد کرنی ہے لہٰذارواں کاشتہ سیزن میں گندم کی بمپر کراپ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ گندم کی بروقت مقررہ اہداف سے بھی زیادہ کاشت مکمل کرکے نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کیا جائے بلکہ اضافی گندم برآمد کرکے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار اور کسان حکو مت کی زرعی پالیسی اورمحکمہ زراعت کے ماہرین کی مشاورت سے گندم کی پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کر تے ہو ئے گندم کی بھر پور کاشت کریں تو نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا بلکہ مطلوبہ اہداف کا حصول بھی ممکن ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست منصوبہ ’’گندم کی پیداوار میں اضافہ‘‘ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکو مت پنجاب کسانوں کو زرعی ترقی کی مد میں سبسڈی بھی دے رہی ہے لہٰذا کسان اس سے استفادہ کر کے ملک کو زرعی شعبہ میں خود کفیل بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ امسال حکومت کا عزم ہے کہ گندم در آمد نہیں بلکہ بر آمد کرنی ہے لیکن یہ اسی صورت ممکن ہے جب گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضا فہ ہو جس کیلئے کھادوں کے متناسب استعمال، تصدیق شدہ بیجوں اورزمین و پا نی کے تجزیہ کو محکمہ زراعت کے ما ہر ین کی مشاورت سے یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کی معاونت کرتے ہوئے وسائل کا رخ ان کی دہلیز کی جانب موڑ دیا ہے۔

انہوں نے زرعی جامعہ کے اساتذہ سے بھی اپیل کی کہ وہ طلباکی رہنمائی کریں تاکہ آنیوالے وقت میں تربیت یافتہ زرعی ماہرین دستیاب ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ امسال ہمیں نہ صرف گندم کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ یقینی بناناہے بلکہ فی ایکڑ پیداوار کو بھی نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنا ہے۔ڈائریکٹر زراعت توسیع خالد محمودنے کہا کہ ان کے افسران اور فیلڈ سٹاف کسانوں کی رہنمائی کیلئے سرگرم عمل ہے اورامسال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی۔