شہری و دیہی علاقوں میں ترقیاتی پراجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے،صوبائی وزیر صحت و آبادی

منگل 11 نومبر 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2025ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں ترقیاتی پراجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔این اے 119 میں سیوریج، سرکوں کی بحالی، سٹریٹ لیمپس کی تنصیب ہر قیمت پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت اپنے حلقے میں متعدد پراجیکٹس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔صوبائی وزیر کو بگھی میں تقریب تک لایا گیا۔ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کا رقص، جلوس پر گل پاشی کی۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر کی افتتاحی تقریب میں پہنچنے پر دستار بندی کی گئی، سینئر صحافی سہیل ورائچ بھی ہمراہ موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پی پی 150 میں انفرا سٹرکچر کے متعدد منصوبوں کی بروقت تکمیل اس بات کی عکاس ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کا یہ سفر خدمت کے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی اور شعور کے دعویداروں نے ترقی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں برسوں کے رکے ہوئے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے بھر میں فلاحی و ترقیاتی سرگرمیوں نے کارکنوں کا حوصلہ بلند کر دیا ہے۔حکومت پنجاب صوبے بھر میں عوامی سہولت کے لئے جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پیکج کی مدد سے صوبائی دارلحکومت میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی ہی حکومت پنجاب کا اصل ہدف ہے۔مریم نواز کے وژن ’’ترقی، خدمت، خوشحالی‘‘ پر عملدرآمد کے لیے منصوبوں کی رفتار مذیر تیز کی جائے گی۔