پنجاب میں گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر زراعت

جمعہ 14 نومبر 2025 21:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2025ء) وزیرزراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، گندم کی بوائی کی موجودہ مہم نہایت حوصلہ افزا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز فعال اور عملی کردار ادا کر رہے ہیں،گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کیلئے ناگزیر ہے اور حکومت اس حوالے سے ہنگامی بنیا دوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کویہاں گندم کی کاشت کے حوالے سے ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مشترکہ جائزہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز احمد مگسی، کمشنر ملتان عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، کاشتکار سید حسن رضا، سردار جمیل الرحمن بزدار، محمد الیاس سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے جبکہ کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن چوہدری اشفاق احمد اور دونوں ڈویژنزکے ڈپٹی کمشنرز آن لائن شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

سید عاشق کرمانی نے کہاکہ رواں سیزن گندم کی کاشت کا صوبائی ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر ہے جبکہ سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔بعد ازاں وزیر زراعت پنجاب ملتان میں ہائی پاورگرین ٹریکٹرزکی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو 10 ہزار ہائی پاورٹریکٹرزسبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں،جن میں سے ملتان ڈویژن میں 1087 ٹریکٹرز کی فراہمی کی جاری ہے۔

وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کسانوں کی خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پرحقیقی معنوں میں ٹرانسفارم کیا جا رہا ہے ۔اس دوران سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے بتایاکہ کسان کارڈ کے تحت اب تک صوبے بھرمیں چھ لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 90 ارب روپے سے زائد بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں،کسان کارڈ ہولڈرز اپنی واجب الادا رقم جمع کروانے پر صرف 24 گھنٹوں کے اندر دوبارہ قرض کے اہل ہو جاتے ہیں۔

کمشنرملتان عامر کریم خان نے بتایاکہ ملتان ڈویژن میں گندم کی کاشت کاہدف 17لاکھ 76ہزار ایکڑ مقررکیا گیا ہے ،جس کے حصول کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔علاوہ ازیں وزیر زراعت پنجاب اورسیکرٹری زراعت پنجاب نے ملتان میں قائم ماڈل ایگریکلچر مال اورکاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا اور وہاں موجود آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگریکلچر مال کو جلد از جلد مکمل طورپرفعال کیا جائے،کپاس پرتحقیق کے عمل میں تیزی لائی جائے اور سائنسدانوں کو ہدف دیا کہ کلائمیٹ سمارٹ اقسام کی دریافت کو ترجیح دی جائے تاکہ کپاس کی پیداوار میں استحکام آ سکے۔