30 نومبر تک100 فیصد رقبہ18 لاکھ 34 ہزار ایکڑپر گندم کی کاشت کا ہدف مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد

منگل 18 نومبر 2025 12:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں گندم کی کاشت بھرپور طریقے سے جاری ہے اور ہم 30 نومبر تک100 فیصد رقبہ18 لاکھ 34 ہزار ایکڑپر گندم کی کاشت کا ہدف مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں ابتک12 لاکھ29 ہزار455 ایکڑرقبہ پرگندم کی کاشت مکمل کرلی گئی ہے جومجموعی ہدف کا67.48 فیصد اور گزشتہ سال کی نسبت اب تک 22.35 فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومتی اقدامات اور سرپرستی کی بدولت کاشتکاروں کا اعتماد بحال ہوا اور فوڈ سکیورٹی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی طرف سے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کیا جارہا ہے۔انہوں نے محکمہ زراعت توسیع اور فیلڈاسسٹنٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری رقبہ پر بھی گندم کی کاشت کا سو فیصد ہدف حاصل کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں کھاد اور بیج کی وافر مقدار دستیاب جبکہ فارمرز ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد بھی تسلسل سے جاری ہے۔