چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ

جمعرات 20 نومبر 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کو سراہا اور ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے اس کے پختہ عزم کی تعریف کی۔

چیف آف دی نیول سٹاف نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل نیول ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ایک چاق و چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔