پنجاب کے کاشتکاروں کو 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی

جمعہ 28 نومبر 2025 22:24

پنجاب کے کاشتکاروں کو 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کیلئے ضلع اوکاڑہ میں محکمہ زراعت پنجاب کے تحت تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر زراعت نے کامیاب کاشتکاروں کو ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔

تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور چوہدری جاوید علاؤالدین نے شرکت کی جبکہ سابق ممبر قومی اسمبلی رائو اجمل، ڈائریکٹر جنرلززراعت نوید عصمت کاہلوں اور چوہدری عبدالحمید بھی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ ترقی پسند کاشتکار عامر حیات بھنڈارہ سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے کاشتکاروں کو 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں 10 ارب روپے کی لاگت سے فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں 679 ہائی پاور گرین ٹریکٹرز جبکہ ضلع اوکاڑہ میں 280 ہائی پاور گرین ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فارم میکانائزیشن کیلئے فیاضانہ وسائل فراہم کررہی ہیں اور 10 ہزار مزید گرین ٹریکٹرز کی سبسڈی پر فراہمی کیلئے درخواستیں جلد وصول کی جائیں گی۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور کسان کارڈ کے تحت اب تک 7 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 250 ارب روپے سے زائد بلا سود قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جس سے زرعی شعبے میں انقلاب آ رہا ہے۔

بعدازاں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اوکاڑہ میں گندم کی کاشت بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر ضلع اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے شرکت کی جب کہ ڈپٹی کمشنر پاک پتن بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئیں۔ اجلاس کے دوران وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں رواں سیزن گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔

گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں گندم کی کاشت کا سو فیصد ہدف 5 دسمبر تک یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی کے نتائج بڑے حوصلہ افزا ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے 9 لاکھ روپے فی سپر سیڈر سبسڈی کی فراہم کی گئی ہے جبکہ ربیع سیزن میں پہلی دفعہ کھادیں مقرر کردہ نرخوں سے کم قیمت پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔

وزیر زراعت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کاشت کرائی جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کو کسانوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کے پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں جیتنے والے گندم کے کاشتکاروں کو ٹریکٹرز سمیت کروڑوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔ صوبائی سطح پر اول انعام 85 ہارس پاور ٹریکٹر، دوم 75 ہارس پاور ٹریکٹر اور سوئم 60 ہارس پاور ٹریکٹر ہوگا جبکہ ضلعی سطح پر پہلا انعام 10 لاکھ روپے، دوسرا 8 لاکھ روپے اور تیسرا انعام 5 لاکھ روپے نقد رکھا گیا ہے۔