صوبائی وزیرِ زراعت پنجاب سے یو ایس کونسل جنرل کی ملاقات،سیلاب سے متاثرہ فصلوں،جانوروں اور موجودہ دھان کی کاشت پر تبادلہ خیال

جمعہ 5 دسمبر 2025 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2025ء) صوبائی وزیرِ زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی سے یو ایس کونسل جنرل سٹیٹسن سانڈرس نے ایگریکلچر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ،ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

یو ایس کونسل جنرل سٹیٹسن سانڈرس نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے دوران تمام ایمرجنسی ڈیزاسٹر ریسپانس ورکرز اور ٹیموں کی امدادی کوششیں قابلِ ستائش تھیں۔ انہوں نے گندم کی حالیہ فصل کی کاشت پر سیلاب کے اثرات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب نے دورانِ سیلاب جانوروں کے لیے چارہ، توڑی اور سائیلج مہیا کیا۔

محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے جانوروں کے لیے ونڈہ اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا اور متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے امدادی رقوم قلیل مدت میں فراہم کی گئیں۔ اس دوران تمام صوبائی وزرا اور انتظامی سیکرٹریز فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لیے فیلڈ میں موجود رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہر دوسرے دن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کرتی رہیں۔ اب تک 8 لاکھ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 9,500 وزیر اعلیٰ پنجاب ہائی پاور گرین ٹریکٹرز دس لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بتایا کہ تباہ کن سیلاب کے باوجود دھان کی بمپر پیداوار حاصل ہوئی۔ رواں سال محکمہ زراعت کے خصوصی اقدامات کے نتیجے میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔