منڈی بہاوالدین، میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ، 2 افراد قتل اور 3 افراد شدید زخمی

بدھ 17 دسمبر 2025 23:00

منڈی بہاوالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2025ء) منڈی بہاؤالدین میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، میرج ہال میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے علاقے ملکوال میں شادی کی تقریب کے دوران مسلح ملزمان نے میرج ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ افسوسناک واقعے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پولیس سرکل ملکوال کے علاقے بادشاہ پور روڈ پر واقع ایک میرج ہال میں پیش آیا جہاں پھپھرہ گاؤں کے رہائشی سلطان کے بیٹے کی شادی کی تقریب جاری تھی۔ ہال میں باراتی اور مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اسی دوران مسلح افراد اچانک میرج ہال میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی،فائرنگ کے نتیجے میں دولہے کا بھائی طارق اور انار نامی شخص گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ فائرنگ میں تین دیگر افراد خضر حیات، عمران اور شاہد تارڑ شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو سرکاری ہسپتال منڈی بہاؤالدین اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ملکوال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے،عینی شاہدین کے مطابق مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد سرعام ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

جائے وقوعہ پر ہر طرف خون بکھرا ہوا تھا اور شادی ہال سوگوار منظر پیش کر رہا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد میرج ہال اور ہسپتالوں کے باہر جمع ہو گئی،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ پولیس نے دوہرے قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ سے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر کے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔