پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، ڈیجیٹل بینک اور فِن ٹیک ادارے مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں, وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
جمعرات 18 دسمبر 2025 13:46
(جاری ہے)
سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس سلسلے میں حکومت کی سطح پر مضبوط ہم آہنگی قائم کی گئی ہے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ادائیگیوں کے نظام اور سرکاری لین دین کی ڈیجیٹلائزیشن جیسے اہم شعبوں پر واضح اہداف کے ساتھ کام جاری ہے، تاکہ کیش پر انحصار کم ہو اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکس اور فِن ٹیک ادارے مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، خاص طور پر ان طبقات کے لیے جو اب تک رسمی بینکاری نظام سے باہر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چھوٹے کسانوں اور کم آمدنی والے افراد کے لیے قرضوں اور مالی سہولیات کی فراہمی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کلیدی اہمیت رکھتے ہیں،حکومت زرعی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل حل کے ذریعے رسائی اور شفافیت بڑھانا چاہتی ہے۔ ڈگلس فیگن نے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے اینٹ انٹرنیشنل اور اینٹ گروپ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹ گروپ چین اور دیگر ایشیائی ممالک میں حاصل کیے گئے تجربات، ٹیکنالوجی اور مہارت کو پاکستان میں متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایزی پیسہ کو ڈیجیٹل بینک کا لائسنس ملنا ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ڈیجیٹل ادائیگیوں، کیش لیس لین دین اور جدید مالی خدمات کے فروغ میں مزید تیزی آئے گی۔ وزیرِ خزانہ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ملکی قرضہ جاتی نظام میں تنوع لانے اور ریٹیل سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عام شہریوں کو محفوظ اور قلیل مدتی سرکاری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں، جس سے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور نجی شعبے کے لیے مالی گنجائش پیدا ہو گی۔ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیئرمین عرفان وہاب خان نے آگاہ کیا کہ ان کا ادارہ اب ادائیگیوں کے نظام سے آگے بڑھ کر بچت، سرمایہ کاری اور دیگر مالی خدمات کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کی مالی آگاہی اور اعتماد میں اضافہ اس سفر کا ایک اہم جزو ہے، جس کے لیے مسلسل تعلیم اور سادہ ڈیجیٹل مصنوعات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ وفد نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے مالی خدمات کی رسائی نہ صرف آسان بنائی جا سکتی ہے بلکہ اس سے رسمی معیشت کو بھی تقویت ملتی ہے۔ ملاقات میں ورچوئل اثاثوں اور نئی مالی ٹیکنالوجیز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد ابھرتے ہوئے مالی شعبوں کو مناسب ضابطہ کاری کے تحت لانا ہے، تاکہ خطرات کا بہتر انتظام، صارفین کا تحفظ اور جدت کے مواقع یکساں طور پر ممکن بنائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی کی صلاحیت اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفد کو ملکی معیشت کی مجموعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ کلی معیشت کے استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات، ٹیکس نیٹ کے فروغ، توانائی کے شعبے میں بہتری اور سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ استحکام کے بعد اگلا بڑا ہدف پائیدار معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔ ڈگلس فیگن نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ڈیجیٹل فنانس کے فروغ سے ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایزی پیسہ کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگیوں اور مرچنٹ ڈیجیٹلائزیشن کو مزید وسعت دی جا رہی ہے، تاکہ صارفین اور کاروباری طبقے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کو روزمرہ معمول بنایا جا سکے۔ تاہم، انہوں نے بایومیٹرک تصدیق اور رجسٹریشن کے اخراجات سے متعلق عملی خدشات بھی اجاگر کیے اور کہا کہ ان امور میں توازن پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ڈیجیٹل نظام میں شامل ہو سکیں۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالی شمولیت، سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔ وزیرِ خزانہ نے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان پر غور کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کا سفر مزید تیز اور موثر بنایا جا سکے۔مزید اہم خبریں
-
پاکستان میں براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے نیپال کے نرمل پرجا سمیت 10 کوہ پیماء جان کی بازی ہار گئے
-
آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ‘مظفرآبا دڈویژن سمیت21 نشستوں پرپولنگ آج ہوگی
-
محسن نقوی تو خود ایک پاورہاؤس ہیں، سسٹم کی کسمپرسی پہ ان کے خیالات سے اتفاق کرتا ہوں
-
نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان میرپورڈویژن کی بعض نشستوں پر دوبارہ پولنگ کروانے پر اتفاق
-
’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی کا بڑا اعلان
-
راولاکوٹ ڈویژن میں الیکشن کی حتمی تاریخ کا انحصار امن وامان کی صورتحال پر ہے. چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر
-
ڈئیراسٹیبلشمنٹ! پہلے آپ نے کہلوایا کہ نوازشریف سسلین مافیا ہے، خراب نظام کو عمران خان ٹھیک کرے گا
-
ایران کی علاقائی ممالک کو امریکا کی حمایت سے گریز کی وارننگ
-
عام انتخابات 2024 کا یہ جتنا مرضی کہہ لیں، بچے بچے کو پتہ ہےکہ ن لیگ بری طرح سے ہاری ہے
-
سیاست اور رئیل اسٹیٹ سے وابستہ لوگوں نے پرتگال میں کاروبار بنائے
-
فیفا کے صدر انفانتینو کے خلاف محاذ کھل گیا؟
-
پیپلزپارٹی خود فارم47 کی پیداوار ہے، بلاول بھٹو کراچی کی 7نشستوں کے فارم 45 دکھائیں؟
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2026, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.