پی ڈی ایم اے بلوچستان نے متوقع برفباری کے پیشِ نظر صوبے کے حساس علاقوں میں سنو کلیئرنس یونٹس قائم کر دیے ہیں، ترجمان پی ڈی ایم اے

پیر 5 جنوری 2026 15:47

پی ڈی ایم اے بلوچستان نے متوقع برفباری کے پیشِ نظر صوبے کے حساس علاقوں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2026ء) ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نے متوقع برفباری کے پیشِ نظر صوبے کے حساس علاقوں میں سنو کلیئرنس یونٹس قائم کر دیے ہیں تاکہ شاہراہوں پر آمد و رفت بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی نے صوبے کے انتہائی حساس علاقوں زیارت، کان مہترزئی (ضلع قلعہ سیف اللہ)، خوجک پاس (ضلع قلعہ عبداللہ/چمن) اور لک پاس (ضلع مستونگ) میں سنو کلیئرنس یونٹس کے قیام کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کے متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انچارج ریسکیو فورس اور انچارج ٹرانسپورٹ کو باقاعدہ فیلڈ وزٹس کا پابند بنائیں تاکہ تعینات ہیوی مشینری کی فعالیت اور ریسکیو عملے کی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق یہ اقدامات وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات کی روشنی میں کیے گئے ہیں، جن کا مقصد برفباری کے دوران کسی بھی بڑی شاہراہ کو بند ہونے سے بچانا اور عوام کے لیے محفوظ و پرامن سفری سہولیات کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :