لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے 20 جانور والے کسانوں کو 5 لاکھ 40 ہزار تک قرض فراہم کیا جارہا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک سمبڑیال

بدھ 7 جنوری 2026 17:39

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2026ء) جانوروں کو بروقت ویکسنیشن کروانے سے مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسكتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب كی اسكیم كے تحت لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے 20 جانور والے کسانوں کو 5 لاکھ 40 ہزار تک بغیر سود کے قرض فراہم کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے تحصیل سمبڑیال کے گائوں ویرووالہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کسانوں کو بتایا کہ جانوروں کو سخت سردی سے بچانے کیلئے مناسب انتظامات کرنا بہت ضروری ہے ، سردی میں جانوروں کو چارے کے ساتھ پرالی نمی اور فنگس کے بغیر والی استعمال کریں ، پرالی کو محفوظ کرنے کیلئے اسے پلاسٹک سے ڈھانپیں تاکہ فنگس اور نمی سے محفوظ رہ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جانوروں سے گوشت اور دودھ کی زیادہ پیدوار حاصل کرنے کیلئے رہنما اصولوں کو اپنانا ضروری ہے ، جانوروں کی بروقت ویکسینیشن کروائیں ، بیرونی چیچڑوں کے تدارک کیلئے محفوظ انتظامات کریں ، جانوروں کیلئے ونڈے اور منرلز کا بہتر انتظام کریں اور صاف ستھرائی جگہ کا انتخاب کریں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ جانوروں کے چیچڑوں کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے شیڈ میں موجود فرش اور دیواروں کو اسپرے کریں تاکہ ان کے رہنے کی جگہ کو ختم کیا جاسکے اور یہ دوبارہ جانوروں پر حملہ آور نہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ چیچڑ ایک خطرناک بیماری کا سبب بنتے ہیں کیونکہ چیچڑ جانوروں کے جسم سے خون کو بڑی تیزی سے چوستے ہیں اور جانور بیمار ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سردی کی شدت سے جانوروں میں منہ کھر کی بیماری(ایف ایم ڈی) جنم لی سکتی ہے ، جانوروں کو بروقت منہ کھر و گل گھوٹو کی بیماری کی ویکسینین کروائیں اور جانور بابندھنے کی جگہ فرش کو خشک رکھیں تاکہ جانور محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بھیڑ بکریوں کو انتڑیوں کے زہر کی ویکسین بھی ضروری کروائیں ،بروقت علاج نہ کروانے سے یہ بیماریاں جانوروں کو موت کے منہ میں لے جاتی ہیں جس سے کسان کو بڑی نقصان کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجکل شیڈول کے مطابق ویکسینیشن کا عمل جاری ہے جس میں انتڑیوں کے زہر ،انٹیروٹاکسینیا ،مرغیوں میں رانی کھیت کی بیماری کی ویکسینشن جاری ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر لائیواسٹاک کارڈ کے بارے میں بھی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ جانوروں کو فربہ کرنے کیلئے پنجاب گورنمنٹ کی طرف رجسٹرڈ جانوروں کیلئے 27 ہزار روپے بغیر کسی سود کے قرض ہر جانور پر دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے کسانوں کو5 سے لے کر 20 جانور پالنے والوں کو بغیر کسی سود کے قرض کی رقم فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے 20 جانور والے کسانوں کو 5 لاکھ 40 ہزار تک بغیر سود کے قرض فراہم کیا جارہا ہے جس کا 25 پرنسٹ کسان نقد نکلوا سکتا ہے اور باقی رقم ونڈا،سائیلج یا ادویات کیلئے استعمال کرسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تحصیل سمبڑیال میں اب تک102 فارمرز راس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں،1316 جانور کٹڑے بچھڑے اس سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سیمینار میں آنے والی اسکیموں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آنے والی اسکیم میں پنجاب گورنمنٹ چھوٹے کٹڑے یا بچھڑے جن کی عمر 4 تک ہو پالنے والوں کو فی جانور 20 ہزار اور بکروں و چھتروں پر 13 ہزار 500 روپے سبسڈی دے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھیڑ بکریاں پالنے والوں کو بھی بغیر سود کے قرضہ فراہم کیا جائے گا۔