یونیورسٹی آف کمالیہ طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما پر یقین رکھتی ہے ،وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب

جمعرات 8 جنوری 2026 12:01

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2026ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ ڈاکٹر یاسر نواب سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری محمد جمیل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی اور ضلع کی سطح پر سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق تفصیلی اور اہم امور پر تبادل خیال کیا گیا۔گفتگو میں طلبہ میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینے ، مشترکہ سپورٹس ایونٹس کے انعقاد، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما پر یقین رکھتی ہے اور کھیلوں کا فروغ تعلیمی سرگرمیوں کا لازمی جزو ہے ۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد جمیل نے یونیورسٹی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر موجود سپورٹس سہولیات کو تعلیمی اداروں کے ساتھ منسلک کر کے مثبت اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے ، مشترکہ پروگرامز اور ایونٹس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :