بھکر ،تھل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اساتذہ کے لیے کوالٹی ایشورنس کے موضوع پر ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا

جمعرات 8 جنوری 2026 13:10

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2026ء) تھل یونیورسٹی بھکر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد نے جامعہ کے اساتذہ کے لیے کوالٹی ایشورنس (معیاری یقین دہانی) کے موضوع پر ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا مقصد تدریس، تحقیق اور تعلیمی نظم و نسق میں معیاری روایات کو فروغ دینا تھا۔ اس تربیتی سیشن میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوالٹی ایشورنس محض ایک ضابطہ جاتی تقاضا نہیں بلکہ ایک مسلسل تعلیمی ذمہ داری ہے، جو اعلیٰ تعلیم کے معیار، ساکھ اور افادیت کو یقینی بناتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد نے کوالٹی ایشورنس کے بنیادی پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جن میں آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن، نصاب کی ہم آہنگی، مؤثر جانچ و تشخیص، دستاویزی عمل اور داخلی جائزہ کے نظام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تدریسی معیار کی بہتری میں اساتذہ مرکزی کردار رکھتے ہیں اور کوالٹی کلچر کے فروغ کے لیے اجتماعی ذمہ داری ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک نو قائم شدہ عوامی شعبے کی جامعہ ہونے کے ناطے، تھل یونیورسٹی بھکر کے لیے آغاز ہی سے کوالٹی ایشورنس کے مضبوط نظام قائم کرنا مستقبل میں تعلیمی استحکام، قومی شناخت اور بین الاقوامی اعتبار کے لیے انتہائی اہم ہے۔سیشن کے اختتام پر سوال و جواب اور تبادلۂ خیال کا سلسلہ بھی ہوا، جس میں فیکلٹی ممبران نے کوالٹی فریم ورکس اور بہترین عملی طریقوں سے متعلق اپنی آراء پیش کیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے جامعہ میں معیاری نظام کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔\378

متعلقہ عنوان :