ویمن یونیورسٹی ملتان میں’’نیا سال کیسا ہوناچاہیے‘‘کے موضوع پرفکری واصلاحی سیمینار

جمعرات 8 جنوری 2026 14:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2026ء) ویمن یونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کےزیراہتمام ’’نیا سال 2026 کیسا ہونا چاہیے‘‘کے عنوان سے فکری واصلاحی سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق سیمینار کا مقصد طالبات اوراساتذہ میں اخلاقی ذمہ داری،سماجی شعور اور اجتماعی ترقی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔

سیمینارمیں تعلیمی حلقوں،سول سوسائٹی کےنمائندگان اورمعززمہمانوں نے بھرپورشرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ نئے سال کو اخلاقی بیداری، مثبت طرزِ فکر اور نیکی کے عملی عزم کا سال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا رہنما اصول بنائیں جو سچائی، انصاف، صبر اور ہمدردی کا جامع ضابطہ حیات فراہم کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی اخلاقی اقدار، قانون کی پاسداری اور دیانت داری کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے حضرت انسؓ کی زندگی کے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے ثابت قدمی اور حق پر قائم رہنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان نئے سال میں تعلیمی معیار، تحقیقی جدت، کردار سازی اور سماجی خدمت کے شعبوں میں مثالی کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے جس میں طالبات کلیدی کردار ادا کریں گی۔اس موقع پرڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے کہا کہ جامعات کا کردار صرف تعلیم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی اخلاقی اور سماجی تربیت بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مثبت سوچ کو عملی نیکیوں میں تبدیل کریں ۔