دہشت گردی کی عفریت سے نمٹنے کیلئے حکومت اور سیاسی جماعتوں کو ایک متفقہ بیانیہ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، آفتاب شیرپاؤ

جمعہ 16 جنوری 2026 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2026ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ حکومت اور سیاسی جماعتوں کو ایک متفقہ بیانیہ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش بحرانوں بالخصوص دہشت گردی کی عفریت سے نمٹا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق خاتون ایم پی اے معراج ہمایوں نے اپنے رفقاء کے ساتھ قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

شامل ہونے والوں میں سارہ فرید خان،جنرل کونسلر فاروق شاہ،کسان کونسلر وحیداللہ اور دیگر مشران شامل تھے۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول حکومت اور سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی محاذ آرائی کا نہیں کیونکہ اس کا نقصان ملک کو ہو گا۔انھوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ دو سے تین سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں تواتر سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں وفاق اور صوبوں کو دہشت گردی جیسے مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کرنا چاہیے۔