وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ آمد، مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا

ہفتہ 24 جنوری 2026 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2026ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ہفتہ کو یہاں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے اور میاں منظور وٹو کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ جن میں ڈی جی پیمرا پنجاب عائشہ منظور وٹو، سابق ایم این اے روبینہ وٹو، جہاں آراء وٹو، معظم وٹو، بلال احمد ورک اور خرم وٹو شامل ہیں، سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے میاں منظور وٹو کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی و دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں منظور وٹو ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے، میرے دادا سابق صدرِ مملکت رفیق تارڑ مرحوم کے ساتھ میاں منظور وٹو کا عزت اور احترام کا رشتہ تھا۔

(جاری ہے)

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کی خدمات قابلِ تحسین رہیں۔

منظور وٹو نے رکھ رکھاؤ اور شائستگی پر مبنی سیاست کو فروغ دیا اور ہمیشہ برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں منظور وٹو کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔