کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت لعل شہباز قلندر کے عرس کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس

جمعہ 30 جنوری 2026 21:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2026ء) سید عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر رحمۃ اللہ علیہ کے 774ویں عرس کے انتظامات کی حتمی شکل دینے کے لیے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت سیہون کیمپ آفس میں اہم اجلاس ہوا، جس میں پولیس، رینجرز، اوقاف، صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عرس کے دوران 5 ہزار سے زائد پولیس اور 300 رینجرز اہلکار سکیورٹی فراہم کریں گے، سی سی ٹی وی نگرانی مضبوط کی جائے گی اور زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ پورے ملک سے 20 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے، اس لیے سیہون میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ عرس کے دوران ثقافتی تقریبات، ادبی کانفرنس اور محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہیسکو کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور صحت کے شعبے کو 24 گھنٹے ایمرجنسی برقرار رکھنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن اور مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی اعلان کیا گیا جبکہ متعلقہ اداروں نے صفائی، پانی اور گیس کی تسلسل خدمات یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر جامشورو / چیئرمین شہباز میلہ کمیٹی غضنفر علی قادری، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار علی ابڑو، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، اسسٹنٹ کمشنر سیہون و سیکرٹری میلہ کمیٹی محمد وقاص ملوک، ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون ڈاکٹر معین الدین صدیقی، ڈی ایچ او جامشورو ڈاکٹر پیر منظور احمد، موٹروے پولیس، رینجرز، اوقاف ڈیپارٹمنٹ، ضلعی پولیس، اسپیشل برانچ، این ایچ اے، حیسکو ، تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔