لاہور میں بجلی کی بڑے پیمانے پر چوری پکڑی گئی

چوری کی بجلی سے رولنگ مل، سروس سٹیشن اور ٹیوب ویل چلائے جارہے تھے، درجنوں گھروں میں بھی چوری کی بجلی استعمال ہو رہی تھی؛ لیسکو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 فروری 2026 15:56

لاہور میں بجلی کی بڑے پیمانے پر چوری پکڑی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری2026ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بجلی کی بڑے پیمانے پر چوری پکڑی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے لاہور کے علاقہ میں وسیع پیمانے پر بجلی کی چوری پکڑی گئی ہے، اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر ایسٹرن اور نادرن سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ، نادرن سرکل فیروز والا میں رینجرز اور پولیس کے ہمراہ بڑی کارروائی کی ۔

ایس ای لیسکو فیضان بٹ نے بتایا کہ محمود بوٹی میں بڑے پیمانے پر بجلی کی چوری کی جا رہی تھی، چوری کی بجلی سے رولنگ مل، سروس سٹیشن اور ٹیوب ویل چلائے جارہے تھے، درجنوں گھروں میں بھی چوری کی بجلی استعمال ہو رہی تھی، جس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹرانسفارمر اور علاقے سے تمام غیرقانونی کیبلز قبضے میں لے لیے گئے، بجلی چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ایک لاکھ 20 ہزار یونٹس ڈیٹیکشن کا بل بھی جاری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لیسکو نے پولیس اور رینجرز کے تعاون سے موصول ہونے والی بجلی چوری کی شکایات پر فوری اور سخت ایکشن لیے، یکم جنوری 2026ء سے اب تک لیسکو کو مجموعی طور پر 2 ہزار 4 سو 13 بجلی چوری کی شکایات موصول ہوئیں جن میں 2 ہزار 410 گھریلو اور 3 زرعی شکایات شامل تھی، لیسکو کی جانب سے 2 ہزار 351 ایف آئی آرز کے اندراج کی درخواستیں کی گئیں جن میں سے 1 ہزار 32 ایف آئی آرز درج ہوئیں اور 101 افراد کو گرفتار کیا گیا، مزید براں 29 لاکھ 66 ہزار801 سے زائد یونٹس پر مشتمل بجلی چوری پکڑی گئی، بجلی چوروں سے یکم جنوری 2026 سے اب تک 2 کروڑ 23 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائدکی ریکوری عمل میں لائی گئی۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری ایماندار صارفین پر بوجھ ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، لیسکو کی زیرو ٹالرنس پالیسی واضح ہے جس کے تحت سخت ترین ایکشن جاری رہے گا، بجلی چوری قومی جرم ہے اور اس کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، عوام بجلی چوری کے خاتمے میں لیسکو کا ساتھ دیں اور بجلی چوری کی اطلاع لیسکو ویب سائٹ یا 118 پر دیں۔