سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولر کی فراہمی کے لیے ضلع چکوال میں قرعہ اندازی

بدھ 11 فروری 2026 20:51

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2026ء) محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے تین سالہ منصوبہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان برائے خطہ پوٹھوہارکے تحت سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولر کی فراہمی کے لیے ضلع چکوال میں قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد ضلع کونسل ہال میں ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری شہر یار سلطان تھے۔

تقریب میں ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی محترمہ فرحانہ جمیل، ریجنل منیجر پروجیکٹ ریجنل مینجمنٹ یونٹ محکمہ زراعت پنجاب، ڈائریکٹر سوئل کنزویشن چکوال احمد شیر ،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز راجہ عامر، ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی چکوال قیصر محمود، آسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل اصلاح آبپاشی لاہور ظفر منیر کے علاوہ دیگر افسران اور کاشتکاروں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری شہر یار سلطان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے زراعت کی ترقی کے لیے بے پناہ پروگرامز متعارف کروائے ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا خطہ پوٹھوہار کے لیےایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان اس خطہ کی زراعت کی ترقی کے لیے بہت اہم اقدام ہے۔اس خطہ کے کاشتکاروں کو ان سہولتوں سے مستفید ہو کر اپنی کاشتکاری کو بہتر کر نا چاہیے۔

ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان میں لیزر لینڈ لیولر پر 7 لاکھ روپے کی سبسڈی پر فراہمی احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا لیزر لینڈ لیولر کے ذریعہ وسیع رقبے کو ہموار کیا جائے گا جس سے آبپاشی میں بچت اور پیداوار میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر انہوں نے قر عہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کاشتکاروں کو مبارکباد دی ۔چوہدری شہر یار سلطان نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی سکیموں سے بھر پور ریلیف حاصل کرنے کیلئے اپلائی کریں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی راولپنڈی ڈویژن محترمہ فرحانہ جمیل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے زریعہ خطہ پوٹھوہار کے لیے 7ارب روپے کا ایگریکلجر ٹرانسفارمیشن پلان متعارف کروایا ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کےشعبہ اصلاح آبپاشی کی طرف سے اس منصوبے کے تحت تین سالوں میں 1700ایکڑ رقبہ پر شمسی توانائی سے مربوط جدید نظام آبپاشی کی تنصیب70 فیصد سبسڈی پر کی جائے گئی۔

اس کے علاوہ شمسی توانائی سے مربوط 1700 لفٹ اریگیشن سکیم کی تنصیب کی جائے گئی۔اسی طرح تین سالوں میں راولپنڈی ڈویژن میں 270لیزر لینڈ لیولر سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے ۔رواں سال راولپنڈی ڈویژن میں 100 لیزر لینڈ لیولرزسبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ضلع چکوال کے 33 کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جارہے ہیں ۔فی لیزر لینڈ لیولر 7لاکھ روپے سبسڈی دی جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹرانسفارمیشن پلان کا مقصد زرعی ترقیاتی سرگرمیوں کو مربوط انداز میں نافذ کرنا،جدید زرعی ٹیکنالوجی سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن بنانا اور مقامی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرناہے۔\378