وہاڑی ،اگیتی کپاس اگاؤ کنونشن، کاشتکاروں اور نمبرداران کو جدید کاشتکاری سے آگاہی

جمعرات 12 مارچ 2026 15:01

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2026ء) محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال وہاڑی میں کاشتکاروں اور نمبرداران کے ساتھ اگیتی کپاس اگاؤ کنونشن منعقد ہوا مجس میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’سونا اگلتا پنجاب‘‘ کے تحت زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے سلسلے میں اگیتی کپاس کی کاشت کے فروغ پر زور دیا گیا جبکہ ماہرین نے جدید پیداواری طریقوں، بہتر کاشت، بیماریوں کے تدارک اور زیادہ پیداوار کے حصول کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کپاس کی کاشت کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اگیتی کاشت زیادہ پیداوار اور منافع کی ضامن ہے، زیادہ کپاس اُگانے سے ملکی معیشت مضبوط اور مستحکم ہو گی جبکہ ضلع وہاڑی کپاس کی پیداوار کے حوالے سے اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا محمد عارف نے بتایا کہ ضلع وہاڑی میں 92 ہزار 484 ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اگیتی کپاس کی کاشت کا بہترین وقت 15 فروری سے 31 مارچ تک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینولا، رایا، آلو اور کماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والے رقبے پر اگیتی کپاس کاشت کی جائے اور صرف کپاس کی ٹرپل جین اقسام استعمال کی جائیں جبکہ بیج تصدیق شدہ اور خالص ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اگیتی کپاس کی کاشت سے پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے اور سنڈیوں کے حملوں سے بھی بہتر تحفظ ملتا ہے جبکہ مناسب فاصلہ رکھ کر کاشت کرنے سے فی ایکڑ 40 سے 50 من تک پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اگیتی کپاس کی کاشت کے فروغ کیلئے خصوصی پیکج کے تحت پانچ ایکڑ یا اس سے زائد رقبہ پر اگیتی کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو 25 ہزار روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، صدر نمبرداران انجمن احسان اللہ تارڑ اور دیگر نمبرداران بھی موجود تھے۔\378