خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 25 سے 30 مارچ کے دوران بارش کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اے پشاور کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

منگل 24 مارچ 2026 15:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2026ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پشاور نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 25 سے 30 مارچ کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے باعث ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تر جمان پی ڈی ایم اے پشاورکے مطابق صوبے میں 24 مارچ کی رات مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو کر 31 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے، اس دوران صوبہ کے بالائی اضلاع چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت متعدد اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری،اسی طرح پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور وزیرستان سمیت میدانی علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

28 سے 30 مارچ کے دوران صوبے بھر میں وقفے وقفے سے تیز بارشوں جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پشاور نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔