’’اپنا کھیت، اپنا روزگار ‘‘ اسکیم کو آرگینک زراعت کے فروغ سے مشروط کرنے کا مطالبہ

وفاقی ، پنجاب حکومت مشترکہ طور پر لیبارٹریز کے قیام ،سرٹیفکیشن کیلئے پیشرفت کرے ‘ نجم مزاری

اتوار 29 مارچ 2026 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2026ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے پنجاب حکومت کے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار ‘‘ اسکیم کو آرگینک زراعت کے فروغ سے مشروط کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوی امید ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اس تجویز پر متعلقہ حکام سے مشاورت کریں گی ،وفاقی اور پنجاب حکومت آرگینک زراعت اور مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لئے مشترکہ طور پر لیبارٹریز کے قیام اورسرٹیفکیشن کیلئے پیشرفت کرے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب آرگینک زراعت کیلئے انتہائی موزوں ہے تاہم کسانوں کو اس حوالے سے رہنمائی میسر نہ آنے کے باعث یہ شعبہ ابھی تک خاطر خواہ ترقی نہیں کر سکا۔ اگر حکومت تھوڑی توجہ مرکوز کرے تو آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات سے ملک کے لئے کثیر زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ’’ اپنا کھیت ،اپنا روزگار ‘‘ اسکیم آرگینک زراعت کے فروغ کے لئے انتہائی معاون ثابت ہو سکتی ہے اس لئے حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس منصوبے کو آرگینک زراعت سے مشروط کرے تاکہ کسانوں کا اس جانب رجحان ہو سکے ۔

نجم مزاری نے کہا کہ آرگینک زراعت نہ صرف معاشی بلکہ ماحولیاتی لحاظ سے بھی فائدہ مند ہے، جس سے زمین کی زرخیزی غیر ضروری کیمیائی کھادوں کے استعمال سے محفوظ رہ سکتی ہے۔