ماہرین زراعت کی سویابین کی بہاریہ فصل پر سفید مکھی و زرد موزیک کاحملہ روکنے کیلئے کاشتکاروں کوبروقت اقدامات کی ہدایت

منگل 31 مارچ 2026 16:44

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2026ء) ماہرین زراعت نے کہا کہ ماہ اپریل کے دوران سویابین کی بہاریہ فصل پر سفید مکھی و زرد موزیک کے حملہ کا خدشہ ہوسکتا ہے لہٰذا کاشتکار زرد موزیک کے کنٹرول کیلئے بروقت اقدامات کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت عامر صدیق نے کاشتکاروں سے کہاکہ سویابین نہ صرف ایک منافع بخش فصل ہے بلکہ اس کے بیج میں 38 سے 42 فیصد تک پروٹین اور 18سے21 فیصد تک اعلیٰ قسم کا تیل پایاجاتاہے جو دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کیلئے انتہائی مؤثر ہونے کے علاوہ اس کا آٹا شوگر کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سویابین سے خوردنی تیل، گھی، خشک دودھ، سویامکھن، بیکری آئٹمز سمیت 200سے زائد مختلف اقسام کی خوردنی اشیا تیار کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سویابین پھلی دار اجناس مونگ، ماش، لوبیا، برسیم،گوارہ کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی جڑوں پر لگے منکوں پر نائٹروجن جمع کرنے والے جرثومے ہوتے ہیں جو 60 کلوگرام فی ہیکٹر نائٹروجن جمع کرتے ہیں جس سے زمین کی ذرخیزی میں زبردست اضافہ ہوتاہے اور آئندہ کاشت ہونے والی فصلات بھی اس ذرخیزی سے مستفید ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بہاریہ سویابین کی فصل 120روز میں پک کر تیار ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :