گوادر: متوقع طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر ہائی الرٹ، تمام محکموں کو مشینری اور عملہ تیار رکھنے کا حکم

ؔڈی سی گوادر کا ہنگامی اجلاس: نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی اور افسران کو ڈیوٹی اسٹیشنز پر رہنے کی ہدایت

منگل 31 مارچ 2026 20:05

ّ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2026ء) ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت متوقع طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین شیخ مختار، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی بابا کلمتی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اورماڑہ محفوظ علی، چیئرمین میونسپل کمیٹی جیوانی اکرم شہزادہ، چیف آفیسرز، ایگزیکٹ انجنئیرز،انجینئرز جی ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مشینری، افرادی قوت (مین پاور)، ڈی واٹرنگ مشینز اور سکشن واٹر باوزرز ہر وقت تیار حالت میں رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں نشیبی مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید تاکید کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ردِعمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام افسران الرٹ رہیں، اپنی ڈیوٹی اسٹیشنز پر موجودگی یقینی بنائیں اور بلا ضرورت اسٹیشن چھوڑنے سے گریز کریں۔اجلاس میں عوامی تحفظ، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور دیگر احتیاطی تدابیر پر بھی تفصیلی غور کیا گیا تاکہ ممکنہ طوفانی بارشوں کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکی