پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات پر عمل کی سفارش

جمعرات 9 اپریل 2026 15:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) زرعی ماہرین نے موسم کی تبدیلی اور گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو فوری حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ گرم موسم میں پیاز اور لہسن پر تھرپس کے حملہ کا خدشہ موجود ہوتاہے جس سے پودوں کے پتے چڑ مڑ ہو کر آہستہ آہستہ خشک ہو جاتے ہیں اور حملہ شدہ پتے کی سطح چمکیلی ہو جاتی ہے جس سے فصل کو شدید نقصان پہنچنے اور پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ ہوتاہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع عدیل احمدنے بتایا ہے کہ تھرپس کا تدارک اس انداز سے کیا جا سکتا ہے کہ کاشتکار فصل کی آبپاشی کرتے رہیں اور پودوں کو سوکا نہ آنے دیں تاہم اگر بارشیں زیادہ ہوں تو ضرورت کے مطابق پانی لگائیں یا زرعت کے عملہ سے مشورہ کرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھرپس کے کیمیائی انسداد کیلئے ایبا میکٹن 400 ملی لیٹریا اس کے ساتھ تھائیا میتھاکسم ملا کر سپرے کرنے سے تھرپس اور پھپھوندی پر بہترین کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے طبعی انسداد کے سلسلہ میں کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھتے ہوئے 2سے 3 بار گوڈی کرنا بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات، رہنمائی، مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔