سنٹرل پولیس آفس پشاور میں قائداعظم اور صدارتی پولیس میڈلز کے تحت ملنے والے اعزازی چیکس کی تقسیم کی دوسری تقریب کا انعقاد

جمعرات 9 اپریل 2026 17:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) قائداعظم اور صدارتی پولیس میڈلز کے تحت ملنے والے اعزازی چیکس کی تقسیم کی دوسری تقریب جمعرات کے روزسنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوئی۔تر جمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے صدارتی و قائد اعظم پولیس میڈلز حاصل کرنے والے افسران و جوانوں اور شہداءکے ورثاءکو اعزازی رقوم کے چیکس حوالہ کئے۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی باباخیل، ہیڈکوارٹرز عباس احسن، انکوئری اختر عباس، ٹریننگ نثار خان تنولی ،ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو،پی ایس او ٹو آئی جی پی رائے مظہر اقبال اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبر پختونخوا پولیس عبدالسلام خالد سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے دیگر اعلی عہدیداران اور شہداءکے اہلخانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انکو اعلیٰ قومی سول ایوارڈز اور اعزازی رقوم حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ملازمت میں جتنے اچھے کام کرنے کے مواقع ہیں وہ کسی اور محکمے میں نہیں اور کہا کہ آپکا کیا ہوا ہر اچھا کام نہ صرف آپ کے لئے بلکہ آپ کے خاندان اور محکمے کیلئے بھی نیک نامی کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی نیک نامی پولیس فورس کا اصل سرمایہ ہے۔آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کے جوانوں کو اچھی کارکردگی پر انعامات نوازنے سے انہیں جو پیشہ ورانہ سکون و اطمینان حاصل ہوتا ہے اس کا احاطہ الفاظ میں نہیں کیا جاسکتا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس شہداءکے خاندانوں اور غازیوں کی فلاح بہبود کے لیے دستیاب وسائل کا بھر پور استعمال عمل میں لایا جائیگا۔

صوبائی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ انعام کسی بھی قربانی کا نعم البدل نہیں ہو سکتا بلکہ ریاست کی طرف سے اعتراف ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب بھی اس جری فورس کا ہر افسر و جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کا حلف اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دیکر پورا کررہا ہے ۔اس موقع پر جن پولیس افسران و جوانان میں اعزازی چیکس تقسیم کئے گئے ان میں ڈی آئی جی جاوید اقبال، ایس ایس پی یاسر آفریدی، ایس ایس پی سید حسنین حیدر، ایس پی محمد فرقان بلال، ایس پی طارق حبیب، ایس پی نثار احمد خان، ایس پی عارف خان، ایس پی رضا محمد، شہید انسپکٹر حکم خان، انسپکٹر گل حامد خان، انسپکٹر ضیاءاللہ، انسپکٹر رحمت اللہ، انسپکٹر محمد رمضان، شہید سب انسپکٹر عنایت اللہ، شہید سب انسپکٹر عشرت یار، شہید سب انسپکٹر فہیم ممتاز، شہید سب انسپکٹر عبدالحامد خان، سب انسپکٹر بلال حسین، سب انسپکٹر احمد اللہ، سب انسپکٹر عباد وزیر، سب انسپکٹر محمد عمر، سب انسپکٹر عبداللہ جلال، سب انسپکٹر مدثر خان، سب انسپکٹر قاضی محمد عارف، سب انسپکٹر عمران الدین، سب انسپکٹر طاہر نواز، سب انسپکٹر دمسازخان، شہید ہیڈ کانسٹیبل نور علی شاہ،ہیڈ کانسٹیبل محمد جاوید،ہیڈ کانسٹیبل شیراز الرحمن،ہیڈ کانسٹیبل وارث خان، ہیڈ کانسٹیبل ارشد علی ،شہید ایل ایچ سی رفیع اللہ، شہید ایل ایچ سی برکت اللہ، ایل ایچ سی عصمت اللہ، شہید کانسٹیبل محمد جنید،شہید کانسٹیبل نجیب اللہ، شہید کانسٹیبل کلیم اللہ،شہید کانسٹیبل شاہ محمود ، شہید کانسٹیبل وزیر علی، شہید کانسٹیبل محمد بلال، شہید کانسٹیبل محمد سجاد، کانسٹیبل ارشد خان، کانسٹیبل مسلم جان مسلم، کانسٹیبل اعجاز احمد، کانسٹیبل گل مست، کانسٹیبل انعام اللہ جان، کانسٹیبل قاسم محمود اور کانسٹیبل حضر حیات شامل تھے۔