اے این پی کا سخت مؤقف، اسٹیڈیم میں بلائے گئے کے پی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

بدھ 22 اپریل 2026 16:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2026ء) عوامی نیشنل پارٹی نے کرکٹ اسٹیڈیم میں بلائے گئے خیبر پختون خوا اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔صدر اے این پی خیبر پختون خوا میاں افتخار حسین نے اسٹیڈیم میں بلائے گئے اسمبلی اجلاس کو ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔اٴْنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مصروف ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل بدستور حل طلب ہیں۔

(جاری ہے)

میاں افتخار حسین نے صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اسٹیڈیم میں اجلاس بلانے کا مقصد کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر عوام کو کارروائی دکھانا مقصود ہے تو اسمبلی اجلاس پہلے ہی براہِ راست نشر کیے جاتے ہیں۔صدر اے این پی خیبر پختون خوا نے کہا کہ اجلاس پر آنے والے اخراجات عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جانے چاہئیں اور کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔