پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن اقدام ہے، سینیٹرایمل ولی خان

ہفتہ 25 اپریل 2026 21:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2026ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدرسینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن اقدام ہے، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ظالمانہ ٹیکسز اور لیوی فی الفور ختم کی جائیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کیے جائیں ، یہ وقت عوام کو قربان کرنے کا نہیں بلکہ انہیں سہارا دینے کا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ردعمل میں سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ عوام پر کھلا معاشی حملہ ہے، یہ اضافہ کسی مجبوری کا نتیجہ نہیں بلکہ عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے ، ہر بار خطے میں کشیدگی اور عالمی منڈی کو جواز بنا کر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، اضافے کیلئے خطے میں کشیدگی کو جواز بنانا عوام کو بیوقوف بنانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

صدر اے این پی نے کہا کہ کیا دنیا کے ہر بحران کا بوجھ صرف پاکستانی عوام نے ہی اٹھانا ہی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے عالمی حالات کا سہارا لے رہی ہے، پٹرولیم لیوی اور ٹیکسز کے ذریعے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ مرکزی صدر اے این پی نے کہا کہ عالمی منڈی کا بوجھ خود برداشت کرنے کا حکومتی دعوی سراسر جھوٹ ہے، عوام سے قربانی مانگنے والوں کی اپنی شاہ خرچیاں آج بھی جاری ہیں، قیمت کم ہو تو کریڈٹ حکومت لیتی ہے، اضافہ ہو تو ذمہ داری سے بھاگتی ہے، صرف ڈیڑھ مہینے میں لیوی کی مد میں 180 ارب روپے سے زائد عوام سے وصول کئے گئے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن اقدام ہے، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ظالمانہ ٹیکسز اور لیوی فی الفور ختم کی جائیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کیے جائیں ، یہ وقت عوام کو قربان کرنے کا نہیں بلکہ انہیں سہارا دینے کا ہے۔