ْوزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ٹیکس کولیکشن کیلئے خصوصی سیل قائم

بدھ 6 مئی 2026 12:00

ْوزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ٹیکس کولیکشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ٹیکس کولیکشن کیلئے خصوصی سیل قائم کرکے افسران کی تعیناتی کر دی گئی ۔ ترجمان کے مطابق خصوصی سیل کا بنیادی مقصد ٹیکس وصولیوں میں اضافہ اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے۔ جدید ڈیٹا اینالیٹکس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس ادائیگیوں میں خردبرد کی نشاندہی کی جائے گی۔

بڑے ٹیکس دہندگان کی موثر مانیٹرنگ کیلئے پہلے ہی لارج ٹیکس پیئر یونٹ قائم کیا جاچکا ہے۔ نان فائلرز اور کم ٹیکس دینے والے اداروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی سفارشات کی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق مختلف حکومتی محکموں کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ سے محصولات میں واضح اضافہ ہوگا۔فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نگرانی کا موثر نظام بھی متعارف کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

خصوصی سیل ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ آڈٹس اور انسپکشن کرے گا۔ گزشتہ سالوں سے ریکوری کے زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار بڑھانے کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔