کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت بھکر، خصوصاً تھل کے علاقہ میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں تیزی سے کمی کی صورتحال پر اجلاس

بدھ 6 مئی 2026 16:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت ضلع بھکر، خصوصاً تھل کے علاقہ میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں تیزی سے کمی کی صورتحال پراجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھل کے مختلف علاقوں میں پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے جس سے زراعت، پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور ماحولیاتی توازن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنرنے ہدایت کی کہ واٹر ٹیبل کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، واٹر ری چارج کے منصوبے شروع کرنے اور غیر ضروری پانی کے استعمال کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنے کی تاکید کی۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ عوام میں پانی کے تحفظ سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ پانی کے ضیاع کو کم کیا جا سکے۔ کمشنر نے کہا کہ قدرتی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی اور ڈائریکٹر ایگریکلچر سرگودھا نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :