سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں او پی ایس اور ایکٹنگ چارج دینے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ سے جواب طلب

پیر 25 مئی 2026 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2026ء) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں او پی ایس اور ایکٹنگ چارج دینے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں او پی ایس اور ایکٹنگ چارج دینے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل ملک الطاف جاوید ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سندھ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ مختلف اداروں میں او پی ایس پر تعیناتی اور ایکٹنگ چارج دینے کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ سندھ ورکرز ویلفیئر میں موجود افسران کو نظر انداز کرکے دوسرے محکموں سے لاکر او پی ایس پر افسران کو تعینات کردیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ ایکٹنگ چارج دینے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے باوجود حقدار افسران کو گھر بیٹھا کر من پسند افسران سے کام لیا جارہا ہے۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے فریقین کو 16 جولائی تک تفصیلی جواب جمع کروانے کا حکم دیدیا۔