یورپی یونین کی 2.4ارب یورو قسط خطرے میں، یوکرائن 6اہم شرائط پوری نہ کر سکا

ہفتہ 30 مئی 2026 20:25

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2026ء) یوکرائن 2026ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران یورپی یونین کے یوکرائن فیسلٹی پروگرام کے تحت 2.4ارب یورو کی مالی قسط حاصل کرنے کیلئے مقرر کردہ 6اہم شرائط پوری کرنے میں ناکام ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابقیوکرائن جن شرائط کو پورا کرنے میں ناکام رہا ان میں انسانی وسائل کے انتظام کے جدید معلوماتی نظام کا آغاز، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے دیوالیہ پن کے قوانین میں آسانی پیدا کرنے والی قانون سازی اور اعلی سطحی پراسیکیوٹرز کے شفاف انتخاب سے متعلق قانون کی منظوری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یوکرین سرکلر اکانومی کے اصولوں کے نفاذ کی حکمت عملی تیار کرنے، مرکزی حکومت اور مقامی اداروں کے اختیارات کی واضح تقسیم مکمل کرنے اور یوٹیلٹی انفراسٹرکچر نیٹ ورکس سے کنکشن کے حوالے سے قانون سازی کرنے میں بھی ناکام رہا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یوکرین کا قومی بجٹ گزشتہ کئی برسوں سے ریکارڈ خسارے کا شکار ہے، کیف حکومت پہلے ہی اعتراف کر چکی ہے کہ ملک کے اپنے مالی وسائل تقریبا ختم ہو چکے ہیں اور بیرونی مالی معاونت حاصل کرنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

مغربی شراکت داروں نے یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس اصلاحات سمیت اپنے مالی وسائل بڑھانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرے تاکہ بیرونی امداد پر انحصار کم کیا جا سکے۔سابق یوکرینی وزیراعظم نکولائی آزاروف نے کہا ہیکہمغربی قرضوں اور مالی امداد کے بغیر یوکرین کے لیے موجودہ ریاستی ڈھانچے کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔ماہرین کے مطابق یورپی یونین کی شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں یوکرین کو آئندہ مالی امداد کے حصول میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ جنگی حالات میں ملک کی معیشت پہلے ہی شدید دبا کا شکار ہے۔