Live Updates

سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے آر سی ڈی سی آبسر میں ایوب بلوچ لائبریری کاافتتاح کردیا

منگل 2 جون 2026 02:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2026ء) نیشنل پارٹی کے قائد، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آر سی ڈی سی آبسر میں اپنے فنڈز سے تعمیر ہونے والی محمد ایوب بلوچ لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ یہ منصوبہ محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ذریعے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں آر سی ڈی سی کے سینئر ارکان، جامعہ تربت شعبہ آئی بی ایل سی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ، مولانا پروفیسر صلاح الدین، سیٹھ حاجی غلام یاسین، ڈاکٹر مختار احمد بلوچ، ملک وارث، سفر خان، کونسلران، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ آر سی ڈی سی کی سماجی و فلاحی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

آر سی ڈی سی آکر انہیں دلی خوشی اور اطمینان محسوس ہوتا ہے اور ایک نئی امید پیدا ہوتی ہے کہ سماجی میدان میں دوست جو خدمات انجام دے رہے ہیں اس سے معاشرے کے غریب اور نادار طبقات کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر سی ڈی سی نہ صرف سماجی و فلاحی شعبے میں بلکہ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی آر سی ڈی سی کے لیے ایک کروڑ روپے کی نئی اسکیم تجویز کی گئی ہے جبکہ آئندہ بھی جب بھی ضرورت پڑی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے کیونکہ اصل سرمایہ کاری تعلیم ہے اور یہی ہمارا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے قیام اور اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ لائبریریوں کے قیام پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ آبسر میں محمد ایوب بلوچ لائبریری اور جوسک میں حاجی شیر محمد جوسکی لائبریری سمیت دیگر علاقوں میں بھی لائبریریوں کے قیام کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ نوجوانوں کو مطالعہ، تحقیق اور اپنے تعلیمی کورسز کی بہتر تیاری کے مواقع میسر آسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال آبسر میں 22 کروڑ روپے سے زائد کی ترقیاتی اسکیمیں دی گئی ہیں جبکہ گزشتہ سال 16 کروڑ روپے کی اسکیمیں فراہم کی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبسر ایک وسیع و عریض آبادی پر مشتمل علاقہ ہے اس لیے یہاں مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آسکانی گرلز اسکول، جہاں 800 سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں، کو بھی ہائی اسکول کا درجہ دیا جائے گا۔

تقریب سے نیشنل پارٹی تحصیل آبسر کے صدر احسان درازئی اور آر سی ڈی سی کے واحد گوہر نے بھی خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عبدالجبار نے انجام دئیے۔اس موقع پر جسٹس (ر)شکیل احمد، ڈاکٹر محمد نور بلوچ، مشکور انور بلوچ، صوبائی میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش, نیشنل پارٹی کیچ کے صدر یونس جاوید، سرتاج گچکی، حاجی شوکت دشتی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات