اسکیم 33 میں ویپ شاپ پر ڈکیتی، لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لوٹ لی گئی

متاثرہ دکاندار کی مدعیت میں سچل تھانے میں مقدمہ نمبر 911/2026درج،تاجروں کا ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

منگل 9 جون 2026 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2026ء) شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی نہ آ سکی۔ ضلع شرقی کے علاقے اسکیم 33 میں نامعلوم مسلح ملزمان ایک ویپ شاپ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اسکیم 33 کی ٹیچرز سوسائٹی میں مدراس چوک کے قریب پوائنر ٹاور کے نزدیک واقع بن مجید ویپرز نامی دکان پر نامعلوم مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر دکان میں موجود عملے کو یرغمال بنا لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دکان سے قیمتی سامان، الیکٹرانک آلات اور نقد رقم لوٹ لی۔متاثرہ دکاندار کے مطابق ملزمان دکان سے تقریبا 50 ویپ فلیورز، 150 کوائلز، 20 ویپ ڈیوائسز، 20 ہزار روپے نقد رقم، ایک لیپ ٹاپ، ایک موبائل فون اور ایک اسمارٹ واچ اپنے ساتھ لے گئے۔ واردات کے دوران ملزمان نے دکان میں موجود افراد کو خوفزدہ کیا اور چند ہی منٹوں میں کارروائی مکمل کرکے فرار ہوگئے۔ متاثرہ دکاندار کی مدعیت میں سچل تھانے میں مقدمہ نمبر 911/2026درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب علاقے کے تاجروں اور شہریوں نے بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :