حیدرآباد میں شادی کی تقریب کا بچا ہوا کھانا درجنوں افراد کیلئے بیماری کا سبب بنا

جمعرات 11 جون 2026 16:05

حیدرآباد میں شادی کی تقریب کا بچا ہوا کھانا درجنوں افراد کیلئے بیماری ..
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں شادی کی تقریب کا بچا ہوا کھانا درجنوں افراد کیلئے بیماری کا سبب بن گیا، جہاں مبینہ طور پر کسٹرڈ کھانے کے بعد 107 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو کر ہسپتال پہنچے۔ہسپتال حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں کم عمر بچے، نوجوان اور بڑی عمر کے افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرین کو الٹی، پیٹ درد اور طبیعت بگڑنے کی شکایات کے بعد قاسم آباد تعلقہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر کے اضافی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔متاثرہ نوجوان کے مطابق میں نے کسٹرڈ کھایا تھا، اس کے بعد الٹی ہوئی اور پیٹ میں شدید درد شروع ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں فوڈ پوائزننگ کی وجہ کسٹرڈ کو قرار دیا جا رہا ہے،انتظامیہ نے متعلقہ پکوان سینٹر کی جانچ کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈی ایچ او ڈاکٹر پیر غلام حسین نے کہا کہ متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم انہیں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ حکام واقعے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :