الخیر ٹرسٹ کی شجرکاری مہم جاری، کراچی میں 35 ہزار سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں: طاہر انصاری

شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور گرمی کی شدت میں کمی لانے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ درخت نہ صرف ماحول کو بہتر بناتے ہیں

جمعرات 11 جون 2026 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) ملک کے معروف فلاحی ادارے الخیر ٹرسٹ کی جانب سے شہر قائد میں جاری شجرکاری مہم کے تحت درخت لگانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ الخیر ٹرسٹ کے چیئرمین محمد طاہر انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے کی جانب سے اب تک کراچی کے مختلف علاقوں میں 35 ہزار سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور گرمی کی شدت میں کمی لانے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ درخت نہ صرف ماحول کو بہتر بناتے ہیں بلکہ شہریوں کو صاف فضا اور خوشگوار ماحول بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو گرین سٹی بنانے میں شجرکاری اہم کردار ادا کرے گی۔محمد طاہر انصاری نے کہا کہ ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول دوست شہر کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے اور اپنے گھر، گلی، محلے اور شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے پودے لگائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جتنے زیادہ درخت لگائے جائیں گے، اتنی ہی موسمی بہتری آئے گی، گرمی کی شدت میں کمی ہوگی اور شہریوں کو پرسکون ماحول میسر آئے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ الخیر ٹرسٹ گزشتہ تین برسوں سے مسلسل شجرکاری مہم چلا رہا ہے، جس کے تحت لیاری، ایکسپریس وے، ندی نالوں کے کناروں سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں پودے لگائے گئے، جو آج تناور درختوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

اسی طرح کورنگی انڈسٹریل ایریا اور شہر کے دیگر مقامات پر بھی درخت لگانے کا عمل جاری ہے۔چیئرمین الخیر ٹرسٹ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے اس مہم کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ کراچی کو ایک سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور صحت مند ماحول کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :