سوات، ایس پی ٹریفک وارڈن پرویز خان کا مٹہ میں ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ گرائونڈ کا دورہ، میرٹ اور شفافیت پر زور

جمعہ 12 جون 2026 01:35

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2026ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک وارڈن سوات پرویز خان نے سیکٹر مٹہ میں قائم پولیس ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ گرائونڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک وارڈن اپر سوات محمد کریم خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، دورے کے دوران ایس پی ٹریفک وارڈن نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنیوالے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ دورانِ ڈرائیونگ تمام حفاظتی اصولوں کی پابندی کی جائے جبکہ ون ویلنگ، تیز رفتاری، اوورلوڈنگ اور دیگر خطرناک حرکات سے مکمل اجتناب کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ایک ذمہ داری ہے اور ہر ڈرائیور کا فرض ہے کہ وہ اپنی اور دیگر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرے، بعد ازاں انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے طریقہ کار، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ٹیسٹ گرانڈ میں جاری عملی و نظری امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ صرف اہل اور مستحق امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا سکیں۔