Live Updates

انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا آبنائے ہرمز میں پھنس جانے والے بحری جہازوں کے عملے کے 11 ہزار ارکان کے انخلا کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان

بدھ 24 جون 2026 13:05

انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا آبنائے ہرمز میں پھنس جانے والے ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2026ء) اقوام متحدہ کی تنظیم انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او)نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران، اومان ، دیگر ساحلی ممالک، امریکا اور بحری صنعت کے تعاون سے آبنائے ہرمز میں پھنس جانے والے بحری جہازوں کے عملے کے 11 ہزار سے زائد ارکان کے انخلا کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بحری جہازوں کےعملے کے ہزاروں ارکان کئی ماہ سے مشکلات، ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے تھے۔ یہ اقدام ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد کیا جا رہا ہے۔ وسیع پیمانے پر ہونے والا یہ آپریشن ایران،اوما ن، دیگر ساحلی ممالک، امریکا اور بحری صنعت کے تعاون سے انجام دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگوئز نے بیان میں کہا کہ ادارے نے ضروری حفاظتی ضمانتیں حاصل کر لی ہیں اور محفوظ بحری آمدورفت کے لیے درکار حالات کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ انہوں نے حالیہ مشرقِ وسطیٰ تنازع کے دوران جان کی بازی ہارنے والے بحری جہازوں کے عملے کے 14 ارکان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم او سمندری کارکنوں کی سلامتی اور عالمی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیویارک میں روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ آپریشن بحری جہازوں کے عملے کے ہزاروں ارکان پر پڑنے والے انسانی اثرات کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جو کئی ماہ سے غیر یقینی صورتحال، نقل و حرکت پر پابندیوں اور بڑھتے ہوئے فلاحی مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات