Live Updates

آبنائے ہرمز سے 1 کروڑ 90 لاکھ بیرل تیل کی روانی بحال، ایران سے مذاکرات مثبت سمت میں جارہے ہیں ، ٹرمپ کا دعویٰ

منگل 23 جون 2026 20:28

آبنائے ہرمز سے 1 کروڑ 90 لاکھ بیرل تیل کی روانی بحال، ایران سے مذاکرات ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2026ء) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز آبنائے ہرمز سے ایک کروڑ 90 لاکھ بیرل تیل گزرا، اور اس پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ‘‘ٹروتھ سوشل’’ پر بیان میں کہا کہ تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور دنیا اب نسبتاً زیادہ محفوظ مقام بن رہی ہے۔

ان کے مطابق آبنائے ہرمز تین ماہ تک کشیدگی اور امریکہ و ایران کے درمیان تنازع کے باعث جزوی طور پر بند رہی، تاہم بعد ازاں واشنگٹن اور تہران کے درمیان مفاہمت کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت میں پاکستان اور قطر کی ثالثی کا کردار بھی سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے اعلیٰ سطح کی جوہری نگرانی پر اتفاق کیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان کے مطابق ایران کا یہ فیصلہ ‘‘جوہری شفافیت’’ کی طرف ایک اہم قدم ہے، اور اگر یہ اتفاق نہ ہوتا تو مذاکرات آگے نہ بڑھ پاتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کا فیصلہ ایران کی جانب سے ‘‘بڑی رعایتوں’’ کے بعد کیا ہے، تاہم امریکی بحریہ کے جہاز اب بھی خطے میں موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

ٹرمپ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والی رقوم ایک ایسکرو اکاؤنٹ میں رکھی جائیں گی جو امریکی کنٹرول میں ہوگا، اور یہ رقم صرف خوراک اور طبی سامان کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی، جن میں مکئی، گندم اور سویابین شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کو ان بنیادی اشیائ کی فوری ضرورت ہے اور یہ صورتحال ایک انسانی بحران کی شکل اختیار کر سکتی تھی، اس لیے فوری اقدامات ضروری تھے۔ٹرمپ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات ‘‘اچھی سمت’’ میں جاری ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات