گلاسگو ویل چیئر اور تھری بائی تھری باسکٹ بال کے میچز کا شیڈول جاری، روایتی حریفوں میں ابتدائی مرحلے ہی میں ٹکرائو کا امکان

جمعرات 2 جولائی 2026 22:28

گلاسگو ویل چیئر اور تھری بائی تھری باسکٹ بال کے میچز کا شیڈول جاری، ..
گلاسگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) گلاسگو 2026ء کامن ویلتھ گیمز میں رواں ماہ شیڈول تھری بائی تھری (3x3) باسکٹ بال اور تھری بائی تھری ویل چیئر باسکٹ بال کے مقابلوں کا مکمل ڈرا اور میچ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت میڈل کی دعویدار انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ابتدائی مرحلے ہی میں سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں۔

ایس ای سی سینٹر میں 24 سے 29 جولائی 2026ء تک منعقد ہونے والے یہ مقابلے گلاسگو گیمز کے سب سے پرجوش اور سنسنی خیز ایونٹس میں سے ایک ہوں گے۔ تیز رفتار کھیل، بلند آہنگ ماحول اور فیسٹیول طرز کے اس فارمیٹ میں کورٹ کا سائز روایتی سے چھوٹا ہوتا ہے جبکہ شاٹ کلاک صرف 12 سیکنڈز اور میچ کا کل دورانیہ 10 منٹ ہوتا ہے۔ اگر کوئی ٹیم اس وقت سے پہلے 21 پوائنٹس بنا لے تو وہ فوری فاتح قرار پاتی ہے۔

(جاری ہے)

میچز کا آغاز جمعہ 24 جولائی کو تماشائیوں کے بھرپور جوش و خروش میں ہوگا۔ اس بار کھیل کی عالمی مقبولیت کے پیشِ نظر ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، رننگ گیم میں مرد و خواتین کے مقابلوں کے لیے 12، 12 ممالک جبکہ ویل چیئر ایونٹ میں 8، 8 ممالک مدمقابل ہوں گے۔ یہ تمام مقابلے 13 سیشنز پر محیط ہوں گے اور بدھ 29 جولائی کو میڈلز کے فائنل ڈے پر کورٹ پر زبردست جوڑ دیکھنے کو ملے گا۔

یاد رہے کہ چار سال قبل برمنگھم 2022ء میں جب یہ کھیل پہلی بار کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بنا تھا، تو کینیڈا نے چار میں سے دو گولڈ میڈلز (خواتین کے رننگ اور ویل چیئر ایونٹس) اپنے نام کیے تھے۔ دوسری جانب انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم جیمیل اینڈرسن کی قیادت میں اپنے گولڈ میڈل کا دفاع کرے گی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم ویل چیئر باسکٹ بال میں مردوں کے گولڈ میڈل کی دفاعی چیمپئن ہے۔

انگلینڈ کے کپتان جیمیل اینڈرسن کا کہنا تھا کہ اس کھیل کا اصل حسن اس کی تیز رفتاری اور تماشائیوں کا شور ہے۔ یہ 10 منٹ کا خالص سنسنی خیز مقابلہ ہے جس میں جیت صرف ایک کی ہوتی ہے اور ہمارا ہدف گولڈ میڈل ہے۔گزشتہ گیمز میں کینیڈا، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے تمام 12 میڈلز پر کلین سویپ کرتے ہوئے چار چار میڈلز حاصل کیے تھے جس کے باعث گلاسگو 2026ء کے ان مقابلوں کو ’ناقابل فراموش‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

مردوں کے رننگ گیم کے پہلے سیشن میں میزبان سکاٹ لینڈ کا مقابلہ گیانا سے ہوگا جبکہ 24 جولائی کی شام 7 بجے تیسرے سیشن میں اس کا سامنا آسٹریلیا سے ہوگا۔ انگلینڈ کے میچز سنگاپور، کینیا اور ملائیشیا کے خلاف شیڈول ہیں۔ خواتین کے رننگ گیم کے پانچویں سیشن میں انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کی خواتین ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جو کہ ایک روایتی اور کڑا مقابلہ ہوگا۔

ویل چیئر باسکٹ بال میں برمنگھم گیمز کے فائنل کے ری میچز نویں سیشن میں ہوں گے جہاں آسٹریلیا اور کینیڈا کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل آئیں گی۔ میزبان سکاٹ لینڈ چاروں ایونٹس کا حصہ ہے۔ تین بار کی پیرالمپین اور گلاسگو 2026ء کی ایمبیسیڈر رابن لو کا کہنا تھا کہ سکاٹش تماشائی اپنی ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اور ہمیں انڈر ڈاگ (کمزور سمجھی جانے والی) ٹیموں کو سپورٹ کرنا پسند ہے اور کامن ویلتھ گیمز ایسی کہانیوں سے بھرے پڑے ہیں۔

میزبان ٹیم کے کائل جیمنیز اور فریزر میلکم تیسری بار جبکہ کلیئر پیکسٹن اور ہننا روب دوسری بار گیمز میں حصہ لے رہے ہیں۔ڈائریکٹر سپورٹس گلاسگو 2026ء نیٹالی کننگھم نے کہا کہ یہ ایونٹ اپنی رفتار اور جوش کی وجہ سے شائقین کو پہلی پاس ہی سے مسحور کر دے گا اور تجربہ کار ٹیمیں میڈل کی دوڑ میں شامل ہیں، سکاٹ لینڈ بطور میزبان اس معرکے کے مرکز میں ہے۔

کامن ویلتھ سپورٹ کی ڈائریکٹر اسپورٹس این لوئیس مورگن اور فبا (FIBA 3x3) کے مینجنگ ڈائریکٹر الیکس سانچیز نے بھی شیڈول کے اجراء پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فارمیٹ کھیل کی عالمی رسائی اور مقبولیت کا عکاس ہے اور اس سال جولائی میں ایس ای سی سینٹر کا ماحول دیدنی ہوگا۔بین الاقوامی ویل چیئر باسکٹ بال فیڈریشن (IWBF) کے صدر الف مہرنز نے شائقین پر زور دیا کہ وہ اس تیز رفتار اور مہارت سے بھرپور کھیل کا تجربہ کرنے کے لیے جلد از جلد اپنی ٹکٹیں حاصل کریں۔واضح رہے کہ گلاسگو 2026ء اس سال برطانیہ کا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ ہے جس میں 74 ممالک اور خطوں کے 3,000 سے زائد ایتھلیٹس 10 کھیلوں اور 6 پیرا سپورٹس میں شہر کے چار تاریخی مقامات پر ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔\932