دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے نئے ایڈیشن کا اعلان، دنیا بھر کے بہترین قراء کی تلاش دوبارہ شروع

ایوارڈ کا مقصد دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی آوازوں کو تلاش کرنا، حوصلہ افزائی کرنا ،ماہِ رمضان میں اعزازات سے نوازنا ہے، شیخ محمد بن راشد المکتوم

منگل 7 جولائی 2026 21:45

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2026ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے نئے ایڈیشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔اس ایوارڈ کے تحت ایک بار پھر دنیا بھر سے بہترین اور خوبصورت آواز میں قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے قرا اور حفاظ کا انتخاب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کا نیا ایڈیشن شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ کا مقصد دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی آوازوں کو تلاش کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ماہِ رمضان المبارک کے دوران انہیں اعزازات سے نوازنا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ قرآن مجید روشنی، ہدایت اور رحمت کا سرچشمہ ہے، جبکہ دبئی گزشتہ 29برسوں سے حفاظ قرآن اور ممتاز قرا کی عزت افزائی کی روایت کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔شیخ محمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس عظیم دینی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی سب کی نیک کاوشوں کو قبول فرمائے۔