جو قومیں اپنی ثقافت سے جڑی رہتی ہیں وہی تاریخ میں زندہ رہتی ہیں، گلوکار خان بابر خان

جو سکون، گہرائی اور مٹی کی خوشبو فوک گائیکی میں ملتی ہے، وہ موسیقی کی کسی اور صنف میں ممکن نہیں،معروف گلوکارکی گفتگو

بدھ 8 جولائی 2026 15:29

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2026ء) شاہینوں کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف فوک گلوکار خان بابر خان نے کہا ہے کہ فوک گائیکی ہماری دھرتی کی خوشبو اور ثقافت کی سچی ترجمان ہے،انہوں نے کہا کہ شاہینوں کے اس تاریخی شہر سے اٹھ کر عالمی سطح پر ملک و قوم کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوک موسیقی محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری صدیوں پرانی تاریخ اور روایات کا امین ہے۔ خان بابر خان کا کہنا تھا کہ بدلتے وقت کے ساتھ جہاں موسیقی کے انداز بدل رہے ہیں، وہاں نوجوان نسل کو اپنی جڑوں سے جوڑے رکھنے کے لیے لوک موسیقی کو جدید تقاضوں کے مطابق پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، مگر اس کی اصل روح کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ جو سکون، گہرائی اور مٹی کی خوشبو فوک گائیکی میں ملتی ہے، وہ موسیقی کی کسی اور صنف میں ممکن نہیں۔ خان بابرخان نے کہا کہ ان کا مشن دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور موسیقی کے چاہنے والوں تک پنجاب کی دھرتی کا صوفیانہ اور ثقافتی رنگ پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک موسیقی نسل در نسل منتقل ہونے والی وہ وراثت ہے جو ہماری خوشیوں اور غمیوں کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے، اس لیے اپنی روایات کا تحفظ اور انہیں دنیا بھر میں پھیلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :