نیٹ بلنگ پالیسی،لیسکو کے سولر صارفین کے جنریشن لائسنس تاخیر کا شکار

پیر 13 جولائی 2026 17:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2026ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )میں نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت سولر صارفین کے جنریشن لائسنس کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر سامنے آئی ہے، جس کے باعث نئے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی منظوری کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لیسکو نے نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت گھریلو، کمرشل، صنعتی، ٹیوب ویلز اور دیگر صارفین کے ساتھ بجلی کی جنریشن سے متعلق معاہدے مکمل کرنے کے بعد لائسنس کے حصول کے لیے تمام فائلیں اور آن لائن ڈیٹا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ارسال کر دیا ہے۔

تاہم نیپرا کی جانب سے جنریشن لائسنس کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر کے باعث متعدد صارفین کے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کا اجراء رکا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف کیٹیگریز کے صارفین کے لائسنس تاحال جاری نہیں کیے گئے، جس سے درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں سولر صارفین کو جنریشن لائسنس کے حصول کے لیے کم از کم ایک ماہ تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے جبکہ لائسنس جاری ہونے کے بعد ہی نیٹ بلنگ کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔