ایس ای سی پی نے تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کے آئی پی او کے پراسپیکٹس کے اجراء اور اشاعت کی منظوری دیدی

منگل 21 جولائی 2026 16:29

ایس ای سی پی نے تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کے آئی پی او کے پراسپیکٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کے آئی پی او کے پراسپیکٹس کے اجرائ اور اشاعت کی منظوری دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق فروری 2026 میں نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد سے ایس ای سی پی نے آئی پی او کی منظوریوں میں تیزی لائی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 10 آئی پی اوز مارکیٹ میں آ چکے ہیں،یہ مالی سال 2026-27 کا پہلا منظور شدہ آئی پی او ہے۔

تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے لائسنس یافتہ ایک کریڈٹ بیورو ہے، جو انفرادی اور کاروباری قرض داروں کی کریڈٹ معلومات جمع کر کے اپنے رکن اداروں کو فراہم کرتی ہے تاکہ قرض کے فیصلے بہتر انداز میں کیے جا سکیں-کمپنی مجموعی طور پر 21 کروڑ 90 لاکھ عام حصص پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان میں سے 6 کروڑ 90 لاکھ حصص پری-آئی پی او سرمایہ کاروں کو دیے جائیں گے، جبکہ 15 کروڑ حصص (پوسٹ-آئی پی او سرمائے کا 15.79%) آئی پی او کے ذریعے پیش کیے جائیں گے۔

یہ آئی پی او بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے تحت ہو گا، جس میں 75% حصص ادارہ جاتی اور بڑے سرمایہ کاروں کو، اور 25% عام (ریٹیل) سرمایہ کاروں کو ملیں گے۔یہ منظوری ظاہر کرتی ہے کہ ایس ای سی پی کا ریگولیٹری نظام شفافیت اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سرمائے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ سادہ تقاضوں، تیز منظوریوں اور زیادہ ڈیجیٹلائزیشن جیسی حالیہ اصلاحات نے کمپنیوں کے لیے پبلک لسٹنگ کے ذریعے کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے۔ایس ای سی پی مارکیٹ شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں آئی پی او روڈ شوز کا انعقاد بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کمپنیوں کو عوامی لسٹنگ کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔