کے الیکٹرک کی بجلی بندش سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن متاثر،کراچی کو 75 ملین گیلن پانی کی فراہمی میں عارضی کمی کا خدشہ

اتوار 26 جولائی 2026 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2026ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈان کے باعث شہر کے کچھ علاقوں میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان کے مطابق آج صبح 8 بج کر 45 منٹ پر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تھرڈ فیز میں بجلی کا بریک ڈان پیش آیا، جس کے بعد اس فیز کی بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

کے الیکٹرک نے واقعے کو کیبل فالٹ قرار دیتے ہوئے فالٹ کے خاتمے کے لیے اپنی تکنیکی ٹیم موقع پر روانہ کر دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تین پمپس عارضی طور پر بند ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی کو یومیہ 75 ملین گیلن پانی کی فراہمی میں عارضی کمی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی میں اس عارضی کمی کے باعث نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ ٹائون، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور اسکیم 33 کے بعض علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ فالٹ کے فوری خاتمے اور بجلی کی مکمل بحالی کے لیے کے الیکٹرک سے مسلسل رابطے میں ہے۔ بجلی کی بحالی کے فورا بعد تمام متاثرہ پمپس دوبارہ آپریشنل کر دیے جائیں گے تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی جلد از جلد معمول پر لائی جا سکے۔